محترم ٹرمپ القدس مسلمانوں کی ریڈ لائن ہے: رجب طیب ایردوان

Rajab Tayyip Erdoğan

Rajab Tayyip Erdoğan

ترکی (جیوڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ “القدس مسلمانوں کے لئے ریڈ لائن ہے”۔

جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے قومی اسمبلی کے گروپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے متعلق خبروں نے مجھے بہت آزردہ کیا ہے۔

انہوں نے صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محترم ٹرمپ القدس مسلمانوں کی ریڈ لائن ہے اور یہ چیز ہمارے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی منسوخی تک جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں سے امریکہ کو ایک دفعہ پھر متنبہ کرتا ہوں کہ آپ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے ۔ کیا امریکہ اپنے تمام کام ختم کر چکا ہے، کیا اس کی داعش کے خلاف جدوجہد ختم ہو گئی جو اس کام کے پیچھے پڑ گیا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ ہم اسلامی تعاون تنظیم کی حیثیت سے آخر تک اس معاملے پر نگاہ رکھیں گے اور اگر ایسا کوئی قدم اٹھانے کی کوشش کی گئی تو ہم دس پندرہ دن کے اندر اندر استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا انعقاد کریں گے۔