ام المومنین سیدہ بی بی خدیجہ ہر دور کی عورت کے لیے رہنما ہیں : انصر مہدی

Ansar al-Mahdi

Ansar al-Mahdi

لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری انصر مہدی نے 10 رمضان المبارک رحلت بی بی خدیجہ الکبری کے حوالے سے تسلیت عرض کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی مالدار خاتون نے عالم غربت میں جان، جان آفریں کے سپرد کر دی اور رہتی دنیا تک پیغام دیا کہ خدا کے دین پر اپنی جان اور مال لٹا دینا چاہئے، اسلام آج بھی حضرت خدیجہ کی جان اور مال کا مقروض ہے۔

حضرت خدیجہ نے زمانے کو خاتون جنت کی شکل میں تحفہ دیا اور اسلام و بانی اسلام کا تحفظ جان و مال لٹا کر کیا ۔ سیدہ خدیجہ الکبریٰ ہردور کی عورت کے لیے رہنما، مثال اور نمونہ ہیں۔ گھر کے اندر رہنے والی خاتون ہو یا گھر سے باہر امور انجام دینے والی خاتون ہو ہر کسی کو بی بی کی سیرت سے رہنمائی ملے گی۔۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہ کا شمار تاریخ انسانیت کی ان عظیم خواتین میں ہوتا ہے، جنہوں نے انسانیت کی بقا اور انسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی زندگی قربان کر دی۔

معاشرہ خصوصا خواتین کو حضرت بی بی خدیجہ سے درس حاصل کرنا چاہیے، حضرت خدیجہ تمام اخلاقی فضائل و کمالات کی مالکہ تھی، خواتین عالم کو چاہیے کہ انہیں اپنے لیے نمونہ عمل قرار دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملیکتہ العرب، ام المومنین حضرت خدیجہ الکبری نے خواتین میں سب سے پہلے اسلام قبول کرکے اور تصدیق رسالت کر کے ایک دانشمند خاتون ہونے کا ثبوت دیا، پیغمبر اسلام نے ہمیشہ آپ کو ایک بافضیلت، متقی، مخلص خاتون بتایا کہ آپ ہر لحاظ سے کمالات کی مالک تھیں اور ہمیں آپ سے درس حاصل کرنا چاہیئے۔