ویمن ورلڈ کپ: پاکستان کو 159 رنز سے شکست، آسٹریلیا جیت گیا

Women's World Cup

Women’s World Cup

لیسسٹر (جیوڈیسک) برطانیہ میں کھیلے جا رہے ویمن ورلڈ کپ کے ایک میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کو 159 رنز سے شکست دیدی ہے۔

آسٹریلوی کپتان ریشچل ہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیکول بولٹن اور بیتھ مونی میدان میں اتریں تاہم اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکیں اور جلد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔

اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے شاندار کم بیک کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایلائز پیری 66، ویلانی 59 اور الیسا ایلی 63 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔ آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ثنا میر 3 وکٹیں حاصل کر کے کامیاب باؤلر رہیں۔ دیگر گیند بازوں میں سعدیہ یوسف نے 2 جبکہ اسماویہ اقبال، ڈیانا بیگ اور مرینہ اقبال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

291 رنز کے تعاقب میں پاکستانی کھلاڑی میدان میں اتریں لیکن خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں اور پے در پے آؤٹ ہو کر واپس لوٹتی رہیں۔ پاکستان کی جانب سے کپتان ثناء میر واحد بلے باز تھیں جنہوں نے آسٹریلوی باؤلرز کا سامنا کر کے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی شائقین کرکٹ کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکی۔ پاکستان کی پوری ٹیم صرف 131 رنز ہی بنا سکی۔ یوں آسٹریلیا نے پاکستان کو 159 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کرسٹن بیمز اور گارڈنر تین، تین وکٹیں حاصل کر کے کامیاب باؤلر رہیں۔