ایسٹر کا تہوار ہمیں محبت، برداشت اور ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔ ساحل منیر

Sahil Munir

Sahil Munir

میاں چنوں (نمائندہ خصوصی) تحصیل میاں چنوں کی مسیحی برادری اپنا مذہبی تہوار ایسٹر روایتی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔اس موقع پر گنجان آباد قدیمی مسیحی گائوں امرت نگر133 سولہ ایل سمیت علاقہ بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات منعقد ہو رہی ہیں جن میں مسیحی عقائد کے مطابق مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی اور کلیسیائی رہنما ایسٹر کی مناسبت سے وعظ کریں گے۔علاوہ ازیں حسبِ روایت ملکی استحکام اور امن و سلامتی کے لئے بھی دعائیں مانگی جائیں گی۔واضح رہے کہ میاں چنوں کی جغرافیائی حدود میں مسیحی برادری کی تقریباً ایک درجن دیہی و شہری آبادیاں واقع ہیں جن میں چالیس سے پچاس ہزار کے لگ بھگ مسیحی افراد رہائش پذیر ہیں جبکہ دو مقامی یونین کونسلز کے چئیر مین بھی مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس لئے علاقائی سیاست میں ان کی فعالیت و اہمیت سے کسی طور انکار نہیں کیا جاسکتا۔امسال ایسٹر کے موقع پر مسیحی سرکاری ملازمین کے لئے سوموار کی تعطیل اوراقلیتی آبادیوں و گرجا گھروں کی سیکورٹی کے لئے حکومت ِپنجاب اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے جو انتطامات کئے گئے ہیں اس حوالے سے کرسچن رائٹرز فیلو شپ کے چئیرمین معروف شاعر، مصنف و کالم نویس ساحلمنیر، بشارت شہزاد گل،چوہدری رحمت نعار ،صابر خورشید نندا جنرل کونسلر،جیمس یعقوب اور نفیس امانت کھیڑا سمیت مسیحی کمیونٹی کے افراد نے حکومتی اقدامات کو سراہا ہے۔

مزید برآں ایسٹرپر اپنے تہنیتی پیغام میںساحل منیر نے کہا کہ مذہبی تہوار اپنی اصل روح میں محبت، رواداری اورباہمی میل ملاپ کا خوبصورت اظہار ہیںجو معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان سماجی رشتوں کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کی بدولت ہی انسانوں کو مل جل کر رہنے اورایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہوئے ساتھ چلنے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار ہمیں محبت،برداشت اور ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔