جرمنی باہر، فائنل فرانس اور پرتگال کے درمیان

France

France

فٹ بال کے یورو کپ 2016 کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان فرانس نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد عالمی چیمپئن جرمنی کو دو صفر سے ہرا دیا ہے۔

اب اس کا فائنل میں مقابلہ پرتگال سے پیرس میں اتوار کو ہو گا جو پہلے ہی ویلز کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر فائنل میں اپنی جگہ بنا چکا ہے۔

فرانس کی طرف سے دونوں گول اس کے سٹرائیکر گریزمین نے کیے۔ پہلا گول میچ کے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں ہوا جب گیند جرمن دفاعی کھلاڑی شوان سٹائیگر کے ہاتھ کو لگی، جس پر فرانس کو پنلٹی دے دی گئی اور اسے گریزمین نے گول میں بدل دیا اور یوں پہلے ہاف کے اختتام پر فرانس کو ایک صفر سے برتری حاصل ہوگئی۔

میچ کا دوسرا گول 72 ویں منٹ میں انٹوئنی گریزمین نے پال پوگبا کے پاس پر گیا۔ مینوئل نوئر گول سے کافی آ گئے تھے اور گول خالی تھا جس کا فائدہ گریزمین نے اٹھایا۔

اس سے قبل میچ کے 31 ویں منٹ میں جرمن سٹرائیکرز نے ایک اور بھرپور حملہ کیا لیکن اسے گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے۔

کھیل کے آغاز میں گیند زیادہ تر جرمن ٹیم کے قابو میں رہی اور فرانس دفاع پر مجبور دکھائی دے رہا تھا۔ لیکن میچ کا دوسرا ہاف فرانس کا ثابت ہوا اور فرانس کے کھلاڑی تابڑ توڑ حملے کرتے رہے۔

جرمنی کی طرف سے شائقین کو سب سے زیادہ مایوسی ان کے کھلاڑی ملر کے کھیل سے ہوئی۔ انھوں نے گذشتہ پانچ میچوں کی طرح اس میچ میں بھی کوئی گول نہیں کیا بلکہ چند اچھے گول کرنے کے مواقع بھی گنوائے۔

جمعرات کو مارسے میں بہت گرمی تھی لیکن اس کے باوجود سارا دن وہاں بڑی تعداد میں جرمن اور فرانسیسی شائقین نظر آئے۔ کھیل شروع ہونے سے بہت پہلے سے ہی لوگ سٹیڈیم کے باہر جمع ہونا شروع ہو چکے تھے۔

گزشتہ ہر میچ میں فرانس کی مسلسل فتح کے بعد لوگوں کی توقعات اپنی ٹیم سے بہت زیادہ تھیں اور مقامی شائقین فرانس کی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہے تھے۔

میچ سے پہلے جب سٹیڈیم میں لگی ہوئی ایک بڑی سکرین پر جرمن کھلاڑیوں کو میدان کے باہر اپنی خصوصی بس سے اترتے ہوئے دکھایا گیا تو سٹیڈیم میں موجود فرانسیسی شائقین نے آوازیں کسیں۔

فرانس اس ٹورنامنٹ میں میزبان ہونے کے علاوہ اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے بھی سب سے زیادہ فیورٹ ٹیم بھی ہے۔