پاکستان سٹاک ایکسچینج میں پھر مندا سرمایہ کاروں کو 40 ارب سے زائد خسارہ

 Stock Exchange

Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے اور تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کے خدشات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج ایک روزہ تیزی کے بعد ایک مرتبہ پھر مندی کا شکار ہوگئی۔

بدھ کو کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو 100انڈیکس3نفسیاتی حدوں سے بیک وقت گرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں40 ارب 84 کروڑ روپے سے زائد کی کمی، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت31.22 فیصد کم جبکہ66.88 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 30691پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا۔

مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس326.60 پوائنٹس کمی سے 30766.01 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 311 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 87 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں اضافہ، 208 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں کمی جبکہ 16 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 40 ارب 84 کروڑ 44 لاکھ 55 ہزار 579 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 65 کھرب 50 ارب 28 کروڑ 72 لاکھ 58 ہزار 322 روپے ہوگئی۔

مجموعی طور پر جمعہ کو 10 کروڑ 59لاکھ 99 ہزار 670 شیئرز کا کاروبار ہوا جو گزشتہ روز کی نسبت 4 کروڑ 81 لاکھ 27 ہزار 280 شیئرز کم ہے۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایم آئی30 انڈیکس 854.96 پوائنٹس کمی سے 52291.98 پوائنٹس، کے ایس ای 30 انڈیکس 258.86 پوائنٹس کمی سے 17839.37 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس156.78 پوائنٹس کمی سے 21578.36 پوائنٹس پر بند ہوا۔