مذہب کے نام پر پاکستان کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، آصف زرداری

Zardari

Zardari

دبئی (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم آئینی اصولوں کو پامال نہیں ہونے دیں گے جب کہ اس آمرانہ ذہنیت کی بھی مذمت کرتے ہیں جس کے تحت امن و امان کے نام پر اور تمام آئینی اصولوں کے خلاف سندھ پر وفاق نے چڑھائی کردی ہے۔

بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جاری اپنے بیان میں پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین اور جمہوریت کے لئے جدو جہد کرنے کے وژن پر بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، ان تمام لوگوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جمہوری اقدار کی سربلندی کے لئے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں كہ آئینی اصولوں کو پامال نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی انتہاپسندوں کو مذہب کے نام پر اس ملک کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اس آمرانہ ذہنیت کی بھی مذمت کرتے ہیں جس کے تحت امن و امان کے نام پر اور تمام آئینی اصولوں کے خلاف سندھ پر وفاق نے چڑھائی کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عسکریت پسندی اور انتہاپسندی کے ان علمبرداروں کی بھی مذمت کرتے ہیں جو مذہب کے نام پر ریاست پر قبضہ کر کے اپنی خودساختہ خلافت قائم کرنا چاہتے ہیں، انتہا پسندوں کا ایجنڈہ عراق اور شام میں داعش، کینیا میں الشباب اور نائجیریا میں بوکو حرام سے مختلف نہیں ہے، واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عسکریت پسندوں کو ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین نے کہا کہ آج ہم ان شہیدوں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی اور دہشتگردی کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، شہیدوں كی قربانیوں ہی كی وجہ سے دہشتگرد اپنے منصوبوں میں كامیاب نہیں ہو سكے، ان لوگوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ڈكٹیٹرشپ سے لڑتے ہوئے جلاوطنی اختیار کی، پابندِ سلاسل ہوئے اور پھانسیوں کے پھندے پر چڑھ گئے۔