ودیا بالن کو رجنی کانت کی ہیروئن بننے کی پیشکش ہو گئی

Vidya Balan

Vidya Balan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن جنھیں کئی برس قبل شوٹنگ کے دوران ہی ایک تامل فلم سے الگ کردیا گیا تھا اور ان پر تامل سینما کے دروازے بند ہوگئے تھے مگر اب لگتا ہے کہ ان پر تامل فلم انڈسٹری کا دروازہ دوبارہ کھل گئے ہیں۔

اس سلسلہ میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ودیا کو رجنی کانت کے مقابل ہیروئن آنے کی پیشکش کردی گئی ہے۔ اگر یہ خبر درست ہے تو بالی ووڈ اداکاراؤں ایشوریا رائے بچن دیپکا پڈوکون اور سوناکشی سنہا کے بعد فلمساز پارنجیت کی فلم میں ایک اور بالی ووڈ حسینہ ودیا بالن رجنی کانت کی ہیروئن بنے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ودیا بالن ان اداکاراؤں میں شامل ہیں جن سے فلم کے لیے رابطہ کیا گیا ہے اور ودیا بالن سے گفتگو جاری ہے تاہم انھوں نے ابھی مکمل رضامندی کا اظہار نہیں کیا۔

اس سلسلہ میں ودیا بالن جو کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو کے دوران تامل فلموں میں کام کرنے سے انکار کرچکی ہیں نے رابطہ کرنے پر کہا ہے کہ تامل فلم انڈسٹری ایک بڑی انڈسٹری ہے اور بالی ووڈ میں کئی ہیروئن وہاں سے ہی آئی ہیں اور میرا تعلق بھی اسی سے رہا ہے یہ الگ بات ہے کہ مجھے شوٹنگ کے دوران ہی انڈسٹری سے نکال دیا گیا تھا اور اسی وجہ سے میں نے ماضی میں تامل فلموں میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور بالی ووڈ میں آگئی جہاں کافی کامیابیاں ملیں اور ایک کامیاب اداکارہ کے طور پر جانی جاتی ہوں۔

رجنی کانت کے ساتھ فلم کرنے کے سال پر ودیانے کہا کہ رجنی کانت صرف تامل فلموں کے ہی سپر اسٹار نہیں بالی ووڈ میں بھی ان کا ایک الگ مقام ہے اور وہ بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک لیجنڈ کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہوگا اگر فلم میں میرا کردار دلچسپ اور مجھے اپنی بھر پور پرفارمنس دکھانے کا موقع ملا تو میں اسے خوشی سے قبول کر لوں گی۔