ویمنز ٹی 20 رینکنگ؛ انعم نے تیسری بہترین بولر کا اعزاز پا لیا

Spinner Anam Amin

Spinner Anam Amin

دبئی (جیوڈیسک) ویمنز ورلڈ ٹی20 فائنل میں ناکامی کے باوجود آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن بچالی، ٹائٹل جیتنے کے باوجود ویسٹ انڈین سائیڈ پانچویں نمبر پر رہی، پاکستان کا بدستور ساتواں نمبر ہے، اسپنر انعم امین نے ایک قدم آگے بڑھ کر تیسری بہترین بولر کا اعزاز پالیا، بیٹنگ میں بسمہٰ نے آٹھواں نمبر محفوظ رکھا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ویمنز ٹی 20 رینکنگ میں آسٹریلیا بدستور نمبرون ہے، تین مرتبہ کی دفاعی چیمپئن کوگذشتہ دنوں فیصلہ کن معرکے میں ویسٹ انڈیز نے مات دی تھی، ٹائٹل فتح کے باوجود کیریبیئن سائیڈ کی پانچویں پوزیشن میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی تاہم اس نے چوتھے نمبر پرفائز بھارتی ٹیم پر دباؤ ضرور بڑھا دیا،انگلینڈ دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے ، ویسٹ انڈیز پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر براجمان ہے۔

بیٹنگ میں میگ لیننگ پہلے ، سوزی بیٹس دوسرے، شارلوٹ ایڈورڈز تیسرے درجے پر ہیں، اسٹیفنی ٹیلر نے چوتھی اور سارہ ٹیلر نے پانچویںپوزیشن سنبھالے رکھی، پاکستانی بسمہٰ معروف نے آٹھواں درجہ محفوظ رکھا،آسٹریلیا کی الیسی ویلینی 3 درجے بہتری کے بعد 13ویں نمبر پر آگئیں، جویریہ خان نے ایک درجے ترقی ملنے پر 36ویں پوزیشن پا لی، ہیلی میتھیوز نے بیٹنگ میں 26 درجے کی چھلانگ لگاکر54ویں نمبر پر جگہ بنائی۔بولنگ میں اینیا شربھوسلے پہلے اور مورنا نیلسن دوسرے نمبر پر ہیں، پاکستانی اسپنر انعم امین نے ایک درجے ترقی ملنے پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی، آسٹریلیا کی میگن شوٹ 11 درجے ترقی پاکرٹاپ 10 میں پہنچ گئیں۔

انھیں 8واں نمبر ملا ہے، پلیئر آف دی ایونٹ قرار پانے والی اسٹیفنی ٹیلر نے 5 درجے ترقی کی بدولت 35 ویں پوزیشن پائی، ان کی ساتھی پلیئر شمیلا کونیل نے بھی 5 قدم آگے بڑھ کر45 واں نمبر پایا، کرسٹین بیمز 13 درجے ترقی ملنے پر44واں نمبر پر فائز ہوگئیں، سوفی ڈیوائن نے 3 سیڑھیاں چڑھ کر38ویں نمبر پایا، سارہ کوئٹ 5 درجے تنزلی کے بعد 40 ویں نمبر پر چلی گئیں، آل راؤنڈرز میں الیسی پیری، ڈین وان نیکرک، اسٹیفنی ٹیلر ، سلمہٰ خاتون اوردیندرا ڈوٹن ٹاپ 5 میں شریک ہیں، بسمہٰ معروف نے نویں پوزیشن برقرار رکھی۔