چین : بارش کے پانی میں پھنسنے والی بس کے مسافروں کو بچا لیا گیا

China Rain

China Rain

بیجنگ (جیوڈیسک) چین کے شہر لائیو یانگ میں تیز بارش کے دوران مسافر بس انڈر پاس کے اندر جمع ہونے والے پانی میں پھنس گئی۔ مسافروں کو بس سے نکالنے کے لیے امدادی ٹیموں نے ہنگامی کارروائیاں کیں۔ لائیویانگ شہر میں کئی گھنٹے کی شدید بارش نے شہر کو جھیل بنا دیا۔ شہر کے مصروف انڈر پاس میں مسلسل بارش کی وجہ سے پانی جمع ہونا شروع ہو گیا۔

وہاں سے گزرنے والی مسافر بس انڈر پاس میں 2 میٹر گہرے پانی میں پھنس گئی۔ بس میں موجود 30 مسافروں نے بس سے نکلنا چاہا مگر گہرے پانی کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا۔

صورتحال کی نزاکت جانتے ہوئے امدادی ٹیموں کو فوری طلب کیا گیا۔ ہنگامی ٹیموں نے کشتیوں اور لائف جیکٹس کی مدد سے مسافروں کو بس سے نکال کر محفوظ مقام کی جانب منتقل کیا۔ اس کارروائی میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔