چوہدری آرٹس سوسائٹی اینڈ کلچرل ونگ کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی کا انعقاد

Ch Arts KML

Ch Arts KML

کمالیہ (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) چوہدری آرٹس سوسائٹی اینڈ کلچرل ونگ کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی کا انعقاد گزشتہ روز عمران پیزہ ہٹ اقبال بازار میں کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوسائٹی کے ایم ڈی، ایم افضل چوہدری نے کہا کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے لازم ہے کہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کلچر اور ثقافت کی مثبت روایت سے بھی ہم آہنگ کیا جائے۔ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ ہماری سوسائٹی ادب و فن ، فنون لطیفہ اور کلچر اور ثقافت کی روایت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر عنقریب اپنے کام کا آغاز کریگی اور نوجوانوں کے لئے صحت مندانہ تفریحی اور اصلاحی سر گرمیوں کا آغاز کرئے گی۔ جو کہ منشیات اور اس کے معاشرے پر منفی اثرات اور اس کے تدراک کے لئے کلیدی کردار کی حامل ہوں گی۔

بہت جلد سوسائٹی کے پروگرام اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹیو انجنئیر ظہیر عباس چوہدری نے سوسائٹی کے آئندہ لائحہ عمل اور اس کے منشور پر روشنی ڈالتے ہوئے سوسائٹی کے پروگرام اورا سکے سماجی اثرات کے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ مطلوبہ اہداف کے حصول تک سوسائٹی اپنی جدو جہد ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھے گی اور بہت جلد صحت مندانہ اصلاحی اور اخلاقی سرگرمیوں کا آغاز کرئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار اور ثقافتی روایت کی تکمیل اور اس پر عمل درآمد سے سماجی اور معاشرتی دینی بنیادوں پر نیز عوام کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اور معیار زندگی سماجی اور معاشرتی بنیادوں پر بلند ہو گا۔ اس موقع پر انہوں نے سانحہ شرقپور اور پاراچنار اور کوئٹہ کے شہدا کے ساتھ اظہار یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔ آخر میں مہمان خصوصی سماجی و سیاسی شخصیت حافظ ڈاکٹر مشتاق احمد وٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام ادارے اور NGO,s حکومت کے ساتھ باہمی اشتراک عمل کے ساتھ مل کر کام کریں تاہم عید کا دن ہمیں غرباء مساکین بے آسرا لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان سے ہمدردی اور ان کی مدد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے آخر میں ملک میں مختلف سانحات کے ضمرے میں شہید ہونے والے شہداء کے لئے دعامغفرت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہمدردیاں مکمل طور پران کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ اور ہم ان کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اور آخر میں عید کی پر تکلف ضیافت دی گئی۔