لاہور: پی ٹی سی ایل کی عمارت میں آگ سے فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر

PTCL, Building

PTCL, Building

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ایجرٹن روڈ پرواقع پی ٹی سی ایل بلڈنگ میں رات کے وقت بھڑکنے والی آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔ ٹیلے فون ایکسچینج جل جانے سے 45 ہزار ٹیلے فون اور 25 ہزار انٹرنیٹ کنکشن بند ہیں۔ یوفون بھی نہیں مل رہا۔

جبکہ ریسکیو، ریلوے، پولیس اورایئرپورٹ سمیت بیشتر ہیلپ لائنز بھی بند مل رہی ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ایجرٹن روڈ پرواقع پی ٹی سی ایل بلڈنگ میں رات تقریباً 2 بجے اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ نے 7 منزلہ عمارت کی اوپر والی 3 منزلوں کو لپیٹ میں لے لیا۔فائربریگیڈ حکام کے مطابق اوپر والی تینوں منزلوں کو کلیر کردیا گیا ہے۔

تاہم بلڈنگ میں ابھی بھی وقفے وقفے سے آگ بھڑک اٹھتی ہے۔ آتشزدگی کے باعث ٹیلے فون ایکسچینج سمیت دیگر تنصیبات کو شدید نقصان پہنچاہے۔ پی ٹی سی ایل حکام کے مطابق آتشزدگی سے 45 ہزار ٹیلی فون لائنز اور 25 ہزار کے قریب انٹرنیٹ کنکشنز بند ہو گئے۔ کوئنز روڈ،ایجرٹن روڈ، ڈیوس روڈ، گوالمنڈی، مغلپورہ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کے ٹیلی فونز بند ہیں۔

متاثرہ ٹیلے فون لائنز کو عارضی طور پر گارڈن ٹاؤن ایکسچینج کے ساتھ منسلک کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ تاہم اس کام میں 8 سے 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ دوسری جانب اصل صورتحال یہ ہے کہ شہر کے بیشتر حصوں میں ٹیلے فون اور انٹر نیٹ کنکشنزکے علاوہ یو فون بھی بند مل رہے ہیں جبکہ ریسکیو، ریلوے، پولیس اور ایئرپورٹ سمیت بیشتر ہیلپ لائنز بھی بند ہیں۔