شادی کا سوال، عمران خان کا جواب دینے سے گریز، عون چودھری کی تردید

Imran Khan

Imran Khan

چکوال (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے جلسے کے اختتام کے بعد صحافیوں نے عمران خان کو گھیر لیا اور استفسار کیا خان صاحب کیا آپ کی شادی کی اطلاعات درست ہیں؟ عمران خان جواب دیئے بغیر جلسہ گاہ سے روانہ ہو گئے۔

اس موقع پر شیخ رشید اور عون چودھری بھی عمران خان کے ساتھ تھے۔ شادی سے متعلق صحافیوں نے عمران خان کے پولیٹیکل سیکریٹری عون چودھری سے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا، عمران خان کی شادی کی تردید کر چکا ہوں، خبر دینے والے صحافی کو قانونی نوٹس بھیجنے کا سوچ رہے ہیں۔

ادھر، چیئرمین تحریک انصاف کی تیسری شادی کی خبریں پھر زیرگردش ہیں۔ دنیا نیوز نے عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق مؤقف لینے کیلئے مفتی سعید سے رابطہ کیا تو مفتی سعید نے ان کی تیسری شادی کی تصدیق یا تردید سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے معاملے میں کچھ کہنا ہے، ناں ہی کچھ سننا ہے۔

دوسری جانب، عمران خان کے تیسرے بیاہ کے چرچے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی تردید یا تصدیق سے انکار کر دیا۔ سوالوں سے تنگ آ کر چودھری سرور بولے، کیا عمران خان کی شادی پر ریفرنڈم کروا لیں؟ شیریں مزاری نے ٹویٹ کیا، شادی عمران خان کا ذاتی معاملہ ہے۔

لاہور میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ شادی کرنا، نہ کرنا خان صاحب کا ذاتی مسئلہ ہے، اگر کر لی ہے تو مبارکباد!