شیخوپورہ کی خبریں 15/7/2017

FAIZAN KHALID VIRK CITY MPA SKP

FAIZAN KHALID VIRK CITY MPA SKP

شیخوپورہ (دانیال منصور سے) بچوں کے کاروبار سے لاتعلق نواز شریف گفٹ کے نام پر کروڑوں روپے وصول کرتے رہے ۔ کمسن بچوں کی اربوں کی جائیداد کا ثبوت نہ نواز شریف کے پاس ہے نہ بچوں کے پاس ۔نواز شریف فیملی کا کاروبار دنیا کا واحد کاروبار ہے جس کی کوئی بھی تفصیل نہیں ۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکریٹری چوہدری فیض الرسول گجر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے کرپشن کے کیس میں تمام فیملی کو بدنام کروا دیا اس سے بڑی ان کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت اور کیا ہو گا۔ چند وزراء اداروں کی توہین کرنے میں مصروف ہیں مگر ان کی یہ حرکت اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی چلانے کے مترادف ہے۔ نواز شریف نے کرپشن کرکے پاکستان کا نام پوری دنیا میں بد نام کر دیا ہے۔انہوں نے ماضی کے تجربات سے کچھ نہیں سیکھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے انتہائی کم مدت میں نواز شریف فیملی کی طرف سے عدم تعاون کے باوجود انتہائی محنت سے ایک جامع ر پورٹ مرتب کی جو ان کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے اس کے علاوہ میں تمام جے آئی ٹی ممبران کو خراج ِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے وقت کے حکمرانوں کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود نڈر ہوکر ملک و قوم کی بہتری کی خاطر انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیخوپورہ (عدنان غفار سے) پاکستان اور نواز شریف دونوں ایک دوسروں کے لئے لازم و ملزوم ہیں۔ نواز شریف نے اس قوم کے لئے وہ کچھ کیا ہے جو صدیوں تک قوم یاد رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار ایم پی اے PP166 چوہدری فیضان خالد ورک نے میڈیا سے کیا انہوں نے کہا ۔ایٹم بم اور سی پیک ایسے منصوبے ہیں جس سے پاکستان کی دنیا بھر میں شناخت ابھری۔ ملک میں بجلی کی کمی پر قابو پانے کے لئے اسقدر منصوبے تیا ر کئے گئے جو پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پانامہ لیکس نواز شریف کے خلاف ایک سازش ہے جو پاکستان کے دشمنوں نے اس کی ترقی سے خائف ہو کر کی۔ انہوں نے کہا کہ ایم این اے میاں جاوید لطیف کی قیادت میں جاری ترقیاتی کاموں نے شیخوپورہ کی عوام کی زندگی میں واضح تبدیلی پیدا کی ہے۔میں نے اپنے حلقے میں دس کروڑ روپے کی خطیر رقم سے کام کروائے جن میں وہ کچی گلیاں بھی شامل ہیں جن پر گذشتہ بیس سالوں سے توجہ نہیں دی گئی۔پاکستان کی عوام باشعور ہیں اور انشاء اللہ 2018کا الیکشن بھی مسلم لیگ اپنی کارکرگی کی بناء پر جیتے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیخو پورہ ( ڈاکٹر ایم ایچ بابر سے) ڈسٹرکٹ ووٹر ایجو کیشن کمیٹی کا نواں اجلاس الیکشن کمشنر آفس شیخوپورہ میں منعقد ہوا جس میںپنجاب بھر میں ووٹرجسٹریشن کے حوالے سے ہونے والی کاروائیوں کی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززکمیٹی ممبران نے شرکت کی ۔ ضلعی الیکشن کمشنر سید باسط علی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ووٹران کی رجسٹریشن اور شعور اجاگر کرنے کے لئے تعلیم و آگاہی پروگرام بے حد اہمیت کے حامل ہیں لہذا ڈسٹرکٹ ووٹر ایجو کیشن کمیٹی کے زیر اہتمام ضلع بھر میں ووٹر ایجو کیشن کے مزیدسیشن منعقد کروائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق مردوں کے مقابلے شیخوپورہ میں خواتین ووٹران کی تعداد میں نمایاں کمی پائی جاتی ہے جس کو ختم کرنے کی کوشش جاری ہے ۔انہوں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ ضلع بھر میں ڈسٹرکٹ ووٹر ایجو کیشن کمیٹی کی سرگرمیوں اور ووٹرآگاہی مہم کی کامیابی اسی میں ہے کہ خواتین اپنے ووٹ کا اندراج خود یقینی بنائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں آگاہی مہم کے دوران اب تک شیخوپورہ ٹیم کی کارکردگی نمایاں رہی جس کوسراہتے ہوئے ممبران کی حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی تقریب جلد منعقد کی جائے گی ۔ جبکہ کمیٹی کے ذریعے ضلع بھر میں خواتین کے بطور ووٹران اندراج کی مہم کا سلسلہ بھی بھرپور طریقے سے جاری رکھا جائے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین بطور ووٹر اندراج سے انتخابی دھارے میں شرکت کا موقع حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ذمہ دار شہری ثابت ہو سکیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ووٹ درج نہ ہونے یا اندراج میں مسائل درپیش ہونے کی صورت میں ضلعی الیکشن کمشنر شیخوپورہ کے دفتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔